دمشق،10اگست(آئی این ایس انڈیا): شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق وسطی شام میں سرکاری فورسز اور شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جنگجوؤں کے درمیان جاری شدید جھڑپوں میں درجنوں ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ بدھ کے روز آبزرویٹری نے بتایا کہ روسی مدد کے ذریعے شامی فورسز وسطی صوبے حما میں جہادیوں کے خلاف اپنے عسکری آپریشن میں تیزی لا چکی ہیں اور وہ ملک کے وسطی علاقوں سے لے کر عراقی اور اردنی سرحد تک جہادیوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز ان جھڑپوں میں کم از کم 39 فوجی ہلاک اور 25 زخمی ہوئے، جب کہ اس دوران جہادیوں کی جانب سے کم از کم پانچ خودکش حملے کیے گئے۔